• news

پشاور ہلاکتوں پر ہسپتال ڈائریکٹر سمیت7اہلکار معطل ، خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن ختم ہونے کے معاملے پر ڈائریکٹر سمیت 7 افراد کو معطل کر دیا گیا۔ معطل اہلکاروں کے خلاف مزید انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔ معطل ہونے والوں میں ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم طاہر، فیسلیٹی منیجر طاہر شہزاد، سپلائی چین منیجر علی وقاص، بائیو میڈیکل انجینئر بلال بابک، آکسیجن پلانٹ اسسٹنٹ نعمت اور آکسیجن پلانٹ کے 2 ملازمین وحید اور شہزاد اکبر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے معطل افراد کے خلاف مزید انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا۔ ہسپتال میں آکسیجن ختم ہونے پر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر وزیر صحت تیمور جھگڑا نے ہسپتال بورڈ آف ڈائریکٹرز کو 48 گھنٹے کے اندر آکسیجن کی کمی سے ہونے والی اموات کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔ ادھر پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے سے 6 کرونا مریضوں کی ہلاکت کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ ابتدائی رپورٹ میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے منیجر نے موقف اختیار کیا کہ رات 12 بجکر 40 منٹ پر مین او ٹی سے آکسیجن کمی کی کال موصول ہوئی، جس پر آکسیجن روم سے رابطہ کیا لیکن کسی کے موجود نہ ہونے پر آکسیجن پلانٹ کے سپروائزر نعمت سے رابطہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا آکسیجن ٹینک خالی ہیں جبکہ ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے دیئے گئے 100 سلنڈرز بھی موجود ہیں، جنہیں فوری طور پر آئسولیشن وارڈ پہنچا دیا گیا۔ آکسیجن سٹور کے تالے توڑ کر مزید 20 سلنڈر آئسولیشن وارڈ پہنچائے گئے۔ سیریس کنڈیشن کے پیش نظر 14 مریضوں کو ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا جبکہ کچھ کو لواحقین دوسرے ہسپتال لے گئے۔ رات 3 بجکر 15 منٹ پر آکسیجن کی ترسیل والی گاڑی پہنچنے پر سلنڈر بھرے اور مریضوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر ہسپتال کو بھی صورت حال سے آگاہ رکھا گیا۔ وزیر صحت خیبرپی کے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق  آکسیجن کی کمی ہی ہلاکتوں کا سبب بنی۔ ساتوں افراد کو معطل کر دیا گیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو دس، دس لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی سے  اموات کے معاملے پر اپوزیشن 20 ارکان نے اسمبلی میں احتجاج کیا۔ ارکان پلے کارڈز بھی ساتھ لے آئے۔ پلے کارڈز پر صحت کا قتل، وزیر صحت مستعفی ہوں کے نعرے درج تھے۔ نگہت اورکزئی نے کہا  کہ آکسیجن کی ترسیل  راولپنڈی  سے نہیں امریکہ  سے ہو رہی تھی۔ وزیراعظم کے دعوے کہاں گئے۔ خوشدل خان نے کہا کہ وزیرصحت تیمور جھگڑا فوری مستعی ہوں۔ دریں اثناء خیبر پی کے اسمبلی میں انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بل، پولیس ترمیمی بل 2020ء اور ہیلتھ کیئر سروس 2020ء بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن