• news

حکومتی سازشیں ناکام بنا کر 13دسمبر کو طاقت کا مظاہرہ کرینگے: پی ڈی ایم 

لاہور (نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ہر صورت میں 13دسمبر کولاہور میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا اور حکومت کی ساری سازشیں ناکام بنادی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پی این ڈی میں جماعتوں کے مشاورتی اجلاس اور پریس کانفرنس میں کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ ، جے یو آئی(ف) پنجاب کے صدر کے مولاناصفی اللہ، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سینٹر حافظ عبدالکریم، ملی عوامی پارٹی کے مبین مہمند، نیشنل پارٹی کے ملک نذیر اعوان، قومی وطن پارٹی کے فہد نذیر، عوامی نیشنل پارٹی کے منظور احمد خان اور جمیعت علمائے پاکستان (ج)کے جاوید اختر نورانی شامل تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ  وزیراعظم فرماتے ہیں کہ جلسہ کرنے سے نہیں روکیں گے۔ لیکن ساتھ ہی لاؤڈ سپیکر اور کرسی والوں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔اس حکومت کا جانا ضروری ہے کیونکہ یہ جمہوری  نہیں،  ایک فاشسٹ حکومت ہے  جو پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔ استعفوں کا فیصلہ ہماری قیادت کرے گی۔  رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  اس بار آریا پارہوگا۔ ملک کا وزیراعظم کہہ رہاہے کہ کرسیاں نہیں لگنے دیںگے۔ ملتان کے جلسے سے حکومت اور اس کے ترجمانوں کو شرم محسوس کرنی چاہیے۔11دسمبر کو پی ڈی ایم کی صوبائی قیادت جلسہ کی تیاری کا کام شروع کرے گی۔ حکمرانوں کو عوام کے فیصلے  تسلیم کرنا پڑیں گے اور ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ حالات خراب ہوئے تو ذمہ داری عمران نیازی پر عائد ہوگی۔ پاکستان میں 70 سال سے رچایا کھیل اب نہیں چل سکتا۔ وزارت عظمیٰ سے بہتر ہوگا کہ عمران خان پولیس کی وردی پہن کر تھانے میں آ جائیں استعفے جب ہوں گے تو یہ بھول جائیں گے پھر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ استعفیٰ دیکر ہم گھروں میں نہیں بیھٹیں گے۔ جے یو آئی ف پنجاب کے صدر محمد صفی اللہ نے کہا کہ شروع دن سے کہہ رہے کہ اس نانجائز حکومت کو ختم ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن