رمضان شوگر ملز ریفرنس‘ حمزہ کی بلٹ پروف گاڑی میں پیشی‘3 گواہوں کا بیان قلمبند کرنے کا حکم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں تین گواہوں کی شہادتیں قلمبند کرانے کا حکم ددیتے ہوئے سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ جیل حکام نے بلٹ پروف گاڑی میں حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا۔ جبکہ شہبازشریف کے نمائندے نے حاضری مکمل کرائی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم نے تبایا کہ ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے کے حوالے سے انکوائری مکمل کر لی ہے جس میں انسپکٹرز کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جیلوں میں ملزموں کو عدالت پیش کرنے کے حوالے سے کیا ایس او پیز بنائے ہیں۔ جس پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم نے استدعا کی کہ ایس او پیز بنانے کے حوالے سے مزید مہلت درکار ہے۔ عدالت نے انکوائری مکمل ہونے پر تمام افسروں کے خلاف جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیے اور ایس او پیز بنانے کے حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو مزید مہلت دے دی۔ عدالت نے گواہوں کو 17 دسمبر کو جرح کے لیے طلب کر لیا۔ حمزہ شہباز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے۔ اور میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطا تارڑ نے حکومت کی جانب سے لیگی رہنمائوں پر مقدمات درج کرانے کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔