• news

کرونا ایس او پیز ، عملدرآمد نہ ہونے پر اپیکس کمیٹی کی تشویش ، عوامی تعاون بے حد ضروری: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے کرونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مربوط انداز میں مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورتحال یہی رہی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے اور  انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے عسکری و سول قیادت مل کر کاوشیں جاری رکھے گی اور ہسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ماسک پہننے کی پابندی پر دفاتر اور عوامی مقامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں مارکیٹوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی تجویز پر غور کیا گیا۔ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاشی سرگرمیوں کو بند کئے بغیر کرونا ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آمد و رفت کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کو مزید موثر بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ اس لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرکے پسپا کرنا چاہتے ہیں۔ مزدور طبقے کے معاشی مسائل کو مدنظر رکھے ہوئے ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایچ ڈی یوز اور ایکسپو سینٹر میں فیلڈ ہسپتال کو بھی از سر نو فعال کیا ہے۔  ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ایپکس کمیٹی کے شرکاء نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کرونا وباء اور دیگر چیلنجز کے دوران بھرپور تعاون کیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے جیلانی پارک میں سالانہ گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کیا اور پی ایچ اے کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا ایس او پیز کے تحت محدود اجتماعات کی اجازت ہے۔ غیر قانونی اجتماعات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نمائش دیکھنے والے لوگوں کو ایس او پیز کے تحت پارک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ پوری دنیا میں کرونا کی دوسری لہر کے باعث کوئی اجتماعات نہیں ہو رہے۔ دنیا کرونا سے بچنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ہمارے یہاں اجتماعات کئے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں سے نہیں کھیلنا چاہئے۔ غیر قانونی اجتماع کی اجازت دینا غیر قانونی اقدام ہوگا۔ حکومت غیر قانونی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔ سیاسی اجتماع کرکے آپ کیا پیغام دے رہے ہیں۔ اپوزیشن کو نصیحت ہے کہ وہ اجتماعات سے اجتناب کرے۔عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی جس میں لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں اور ترقی اور شہریوں کی سہولت کیلئے میگا پراجیکٹس کے اعلان پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع  کر رہے ہیں۔ لاہور کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام کرینگے۔ عثمان بزدار  سے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کور کمانڈر لاہور کی حیثیت سے پاک فوج کیلئے پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سر انجام دینے پر لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کیلئے مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں آج 8 دسمبر کو ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن