چینی سفیر‘ سیکرٹری خارجہ کی ملاقات‘ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم: عاصم سلیم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ/ اے پی پی/ سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے یہاں ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بجلی کے منصوبوں پر پیشرفت پرتبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون پر اتفاق کیا۔ پیر کو وزات توانائی سے جار ی بیان کے مطابق ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی تابش گوہر اور سیکرٹری بجلی علی رضا بھٹہ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر توانائی نے چین کے سفیر کو خصوصی اقتصادی زونز کو بجلی کی فراہمی، بجلی کے شعبہ میں ترسیل و تقسیم کے نقصانات کی روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اقتصادی زونز سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے ملاقات میں کہا کہ سی پیک تبدیلی کا پراجیکٹ ہے پاکستان اور چین سی پیک کو بروقت مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے عاصم سلیم کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کی بدولت ہزاروں نوکریاں پیدا ہوئی ہیں۔ اس موقع پر عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبے بروقت مکمل ہوں گے ملاقات میں سی پیک منصوبے کی پیش رفت اور متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ عاصم سلیم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکیمل کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دریں اثناء اے پی پی وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی سفیر کو وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کی اور کامیاب مدت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران گوادر اور کراچی میں سی پیک منصوبوں جس میں میری ٹائم سیکٹر میں تعاون میں اضافے اور پاکستان کی صنعتی ترقی جیسے باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔