13دسمبر کو آر نہ پار، صرف قانون کا وار ہو گا: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم کی رسائی تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک بھی نہیں جبکہ ان کی سیاست کے پی ڈی ایم والے بھینٹ چڑھ جائیں گے۔ تیرہ دسمبر کو یہ قانون کو للکار کر کہہ رہے ہیں کہ ’یا آر ہوگا یا پارہوگا‘۔ اپوزیشن کو بتانا چاہتی ہوں کہ 13دسمبر کو صرف قانون کا ’وار‘ ہوگا اور قانون ہی اصل حکمران ہوگا۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ لینے کی باتیں دیوانے کی بڑھکیں ہیں۔ ہماری جیت ہوگی اور انہیں وزیراعظم کے استعفے کے بجائے اپنا استعفیٰ دینا پڑے گا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مریم کی سیاست پر پی ڈی ایم والے خود بھینٹ چڑھ جائیں گے۔ پی ڈی ایم کی ساری قیادت مریم کے درد کو سمجھتی ہے۔ مریم کی رسائی تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک بھی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان پرپارلیمنٹ کی سیڑھیاں نہیں گیٹ بند ہوئے ہیں۔ دریں اثناء ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدینۃالاولیا میں پی ڈی ایم کو منہ کی کھانا پڑی اب داتا کی نگری میں رسوائی انکا مقدر بنے گی۔ پی ڈی ایم کے ملک میں سیاسی گندگی پھیلا رہی ہے۔ ن لیگ کے سارے سیاسی یتیم لاہور میں سرکس لگانے کیلئے اکٹھے ہیں۔ کنیزوں کے جھرمٹ میں راجکماری جتنی مرضی دھمکیاں دیں حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کی کھوکھلی تحریک کی موت ہوئی اب لاہور میں ان کے بیانیہ کا جنازہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا شوق وہی پورا کریں گے جو پارلیمنٹ سے باہر ہیں۔ مریم بی بی کو تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک جانا بھی نصیب نہیں ہوا اور مولانا کا پہلی دفعہ سرکاری حلوے کے بغیر گزارا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ کے چچا محترم کا بیانیہ انکے بیانیہ سے مختلف ہے۔ آپ پہلے اپنے گھر کے افراد کا بیانیہ میں تو اتفاق پیدا کر یں پھر احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئین اور قانون کے تابعدا ر ہیں۔ راجکماری صاحبہ کو پریشانی ہے کہ جس قانون کو وہ اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے عمران خان نے اس کو آزاد کروایا۔