چیئرمین نیب پر ہتک عزت کا دعویٰ کرونگا، پورٹل سٹی میں بے ضابطگی نہیں ہوئی: احسن اقبال
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں کوئی مالی بے ضابطگی نہیں ہوئی، منصوبے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ دیناچاہا جو جرم بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے ذریعے سیاست دانوں کی بے عزتی کی جارہی ہے، نیب سرکاری افسران کو ڈرا کر بیان لیتا ہے، میرے خلاف نیب کے سرکاری گواہوں نے مجھے بتایاکہ شرمندہ ہیں، گواہوں نے بتایاکہ نیب سیل لے جاکر کہا گیا یا تو 90 دن جیل کاٹو یا گواہ بنو، افسران کہتے ہیں نیب کے ہراساں کرنے پر دباؤ میں آکر بیان دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ 90 دن کاریمانڈ ایسا ہتھکنڈا ہے جس سے سرکاری افسران کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ عمران خان نے اپنے فائدے کیلئے نیب کو کھلی چھٹی دی ہوئی۔