سندھ پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی ثابت، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے: ہائیکورٹ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی ثابت ہوگیا جس پر عدالت نے ایس ایس پی ویسٹ کو پولیس پارٹی کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں جعلی پولیس مقابلے میں گرفتار ملزم جاوید عرف عیسیٰ کی جانب سے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مقابلہ جعلی قرار دیا اور اس میں ملوث اے ایس آئی عمران، پولیس کانسٹیبلز عارف، سجاد، وقار اور فہد علی کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی مگر جائے وقوعہ سے تین خول برآمد ہوئے۔ پولیس نے ملزموں سے جو اسلحہ برآمد کیا اور جو خول برآمد ہوئے وہ بھی میچ نہیں کرتے جب کہ ایم ایل او کے مطابق مقتولین کو 2 فٹ کے فاصلے سے بھاری ہتھیار سے گولی سر میں ماری گئی۔ ملزمان کے خلاف ڈکیتی کے شواہد بھی نہیں ملے۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزم جاویع عرف عیسیٰ کو دی گئی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔