• news

شیخوپورہ: بدبخت نے بوڑھے والدین اور بھائی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی 

شیخوپورہ/ جنڈیالہ شیرخان (نمائندہ خصوصی/ نمائندہ نوائے وقت) تھانہ صدر کے گائوں مدار میں ساس بہو کے مبینہ جھگڑوں سے تنگ ناخلف بیٹے نے بیوی کے ساتھ ملکر اپنے والدین اور بھائی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ معمر والدین کی چیخ وپکار کے باوجود ملزم گھر کے دروزاے بند کرکے فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے بوڑھے خاوند، اسکی اہلیہ اور بیٹے کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کے ایمرجنسی میںمنتقل کردیا جہاں پر برن کی جدید سہولیات نہ ہونے کی بنا پر جھلسنے والے تینوں افراد کو لاہور کے جنرل ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ناخلف بیٹے راشد کی اہلیہ اپنے شوہر  سے روز روز کے گھریلو جھگڑوں کا رونا روتی رہی اور  گزشتہ رات  جھگڑے پر بدبخت بیٹے نے اپنے 65سالہ والد عبدالجمید، والدہ نجمہ بی بی 60سالہ اور بھائی ناصر محمود 23سالہ پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی اور گھر کے دروزاے بند کر کے فرار ہوگیا۔  ڈاکٹروں کے مطابق 60سے 70فیصد تمام افراد جھلس چکے ہیں اور ان کو طبی امداد کے بعد لاہور کے جنرل ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ صدر شیخوپورہ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن