پارٹی کارکن میری طاقت اور جمہوریت کے پاسبان ہیں: بلاول بھٹو
کراچی (نیوز رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، مختلف وزرائ، مشیر اور پی پی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پی پی پی خواتین ونگ کی صدر ایم پی اے فریال تالپور، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان، سید اویس شاہ بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کوویڈ19 کی صورتحال اور حکومت سندھ کی عوام کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے۔ اقدامات جبکہ صوبے میں ترقی کی رفتار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے واجب الادا حصہ سے کم ادائیگیاں ترقی میں رکاوٹ ہے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے اب تک ٹیکس وصولی کے اپنے اہداف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت بے روزگار نوجوانوں کو ریلیف اور انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے میرٹ پر خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے بھی روزگار کے مزید مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ دیگر رہنماؤں سے ملاقات میں پی پی پی چیئرمین نے صوبے کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے کارکن میری طاقت اور جمہوریت کے پاسبان ہیں۔