• news

ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکہ سے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں: چین

بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین اور امریکہ کی بزنس کونسل سے خطاب میں امریکہ کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں صدر کی تبدیلی سے  چین کے ساتھ ایک بار پھر غیر جانبدارانہ تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ وانگ ژی نے مزید کہا کہ تنازعات کا حل ’ٹیبل ٹاک‘ میں ہے اور دونوں ممالک کے لیے یہ وقت بہترین ہے جب امریکی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے جس سے پالیسیوں میں نرمی اور غیر جانبداری کا امکان بڑھ گیا ہے۔ چین کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ میں عوامی نمائندوں پر مقدمات بنانے کی مذمت کرتے ہوئے چینی حکام پر نئی پابندیوں کا عندیہ دیا۔ جس پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن