کرونا ، ریکارڈ اموات 89، پروفیسرڈاکٹر شاہد کا انتقال، خاتون ایڈیشنل سیشن جج متاثر: لاہور 55علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون
لاہور‘ میانوالی‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی + وقائع نگار خصوصی+خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ایک روز میں ریکارڈ 89 اموات سامنے آگئیں، مزید 2885 کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 33610 ٹیسٹ کیے گئے جن 2885 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے ریکارڈ 89 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا مثبت آنے کی شرح 8.4 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں 5 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 8487 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 23179 تک جا پہنچے ہیں ، فعال کیسز کی تعداد 44218 ہے۔ وزیر اعلی ٰسندھ نے کہا کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 186212 ہوگئی ہے، 21 مزید مریض انتقال کرگئے۔ پنجاب میں کر ونا کے کل مریضوں کی تعداد 124191 ہے اور 3218 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17501 اور ہلاکتیں 169 ہوچکی ہیں۔ خیبر پی کے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 50078 اور 1419 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 7390 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 182 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا کے مریضوں کی تعداد 4746 اور 98 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33061 ہے اور اب تک 341 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کرونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو سیل کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رنگ روڈ پر نثار چرسی ریسٹورنٹ‘ جی ٹی روڈ پر ملٹی سٹار ہوٹل اور رحمانیہ ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا۔ رنگ روڈ پر کارروائی میں مکہ ریسٹورنٹ‘ مدینہ ریسٹورنٹ اور حکیم خان ریسٹورنٹ کو جرمانہ کیا گیا۔ سیفٹی ماسک کے بغیر گھومنے پر 44 شہریوں کو جرمانہ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔ لاہور کے جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا‘ ان میں نیو مسلم ٹائون‘ وحدت کالونی‘ گلشن اقبال‘ علامہ اقبال ٹائون‘ گلشن راوی‘ شیرا کوٹ‘ نواں کوٹ‘ سمن آباد اور ملت پارک‘ داتا گنج بخش ٹاؤن‘ شالیمار ٹاؤن‘ عزیز بھٹی ٹاؤن میں 55 مقامات پر 21 دسمبر تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ داخلی و خارجی راستوں کو محدود کر دیا گیا‘ کے علاقے شامل ہیں۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 1550169ہو گئیں ، مصدقہ کیسز کی تعداد 6کروڑ79لاکھ34ہزار سے تجاوز کر گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کرونا سے متاثرہ ممالک میں ہلاکتیں290443 ہوگئیں۔ کیسز1کروڑ 53 لاکھ 69 سے بڑھ گئے۔ بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں 140994ہو گئیں ،کیسز کی تعداد 97لاکھ 3 ہزار سے بڑھ گئی۔ روس میں 43597 افراد لقمہ اجل بن گئے،کیسز 24لاکھ88ہزار سے تجاوز کر گئے۔ برازیل میں 177388افراد موت کی آغوش میں چلے گئے، متاثرین کی تعداد 66 لاکھ 28 ہزار ہو گئی۔ فرانس میں اموات 55521ہو گئیں اور کیسز 22 لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ سپین میں 47000 افراد لقمہ اجل بن گئے، کیسز17لاکھ 15ہزار ہو گئے۔ برطانیہ میں ہلاکتیں 61134 ہو گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد17لاکھ 37 ہزار ہو گئی۔ پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیمطابق لاہور کے مختلف مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ ان کی نشاندہی کووڈ 19 کے ہاٹ اسپاٹس کے طور پر ہوئی تھی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ لاہور ان علاقوں میں تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، (سرکاری و نجی) دفاتر بند رہیں گے۔ ا ٹرانسپورٹ کے ذریعے لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی، صرف انتہائی ضرورت کے وقت ایک شخص کو ایک گاڑی میں آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔ سماجی، مذہبی یا کسی دیگر تقریبات پر مکمل پابندی بھی ہوگی۔ علاوہ ازیں کریانے، پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمس کو ہفتے میں ساتوں دن صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ مزید یہ تمام طبی خدمات، فارمیسیز، لیبارٹریز، کلینکس اور ہسپتال ہفتے میں ساتوں دن 24 گھنٹے کھلے رہ سکیں گے جبکہ دودھ اور گوشت کی دکانوں کو صبح 7 سے شام 7 تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔کرونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی‘ فیصل آباد میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا کے 3کنفرم اور 7مشتبہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ فیصل آباد محکمہ سوائی گیس کے افسر علی فیصل کو گذشتہ روز کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، میانوالی میں کرونا وائرس سے متاثرہ دو اور مریض جاں بحق ہو گئے۔ تھانہ سیالکوٹ کینٹ کے موضع بھڑتھ کی رہائشی 55سالہ خاتون نیلم نجی ہسپتال میں زیر علاج تھی، کرونا وائرس کی علامات ہونے پر خاتون کی حالت تشویشناک ہو گئی اور وینٹی لیٹر میں جانے کے بعد سوموار اور منگل کی درمیانی شب کو انتقال کر گئی۔ ملتان کے نشتر ہسپتال میں زیر علاج پروفیسرڈاکٹر شاہد منصور انتقال کر گئے۔ ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شاہد منصور کرونا کے باعث آئی سی وی میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹر شاہد منصور نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر تھے۔ دریں اثناء مظفر گڑھ میں خاتون ایڈیشنل سیشن جج کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ جج کو گھر میں قرنطینہ اور عدالت کو بند کر دیا گیا ہے۔ عدالتی عملے کے کرونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ شام ایک مرتبہ پھر آکسیجن کی فراہمی میں خرابی پیدا ہوگئی۔ آکسیجن کا پریشر کم ہونے پر حیات آباد میڈیکل کیمپلکس سے عملے کوطلب کرلیا گیا۔ 6 بجے سے رات 10 بجے تک آکسیجن کا پریشر کم رہا۔ جس کے بعد پریش کو بڑھا دیا گیا۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز خیبر ٹیچنگ ہسپتال ندیم خاور نے بتایا کہ آکسیجن کے پریشر میں کمی ہوئی تھی قائم مقام ڈائریکٹر کے ٹی ایچ نے بتایا کہ مسئلہ حل کر لیا۔