مودی حکومت کشمیریوں پر ظالمانہ حکمرانی کررہی، پاکستان مذہبی توہمات سے باہر آئے: چومسکی
کراچی (نیٹ نیوز) دنیا کے معروف دانشور پروفیسر نوم چومسکی نے بذریعہ ویڈیو لنک کراچی کی نجی یونیورسٹی میں لیکچر دیا۔ مزید تفصیلات کے مطابق نوم چومسکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کیے ہوئے 20 سال ہوگئے۔ اگر پاکستان مذہبی توہمات کی دنیا سے باہر نہیں آئے گا تو اس کا کوئی مستقبل نہیں۔ موجودہ نسلوں کو ان سوالوں کا سامنا ہے جو انسانی تاریخ میں کبھی ظاہر نہیں ہوئے اور یہ سوالات ایک بوجھ اور چیلنج ہیں۔ دنیا میں جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اگر اقدامات نہ کیے تو ماحولیاتی تباہی کا خطرہ بھی سر اٹھائے کھڑا ہے۔ جنوبی ایشیا کو ماحولیاتی تبدیلی سے جڑے خطرات کا سامنا ہے۔کرونا کے حوالے سے دانشور کا کہنا تھا کہ ہم وبا سے بہت مہنگی اور ناگزیر قیمت چکا کر نکلیں گے۔ جنوبی کوریا نے کیا اچھا مقابلہ کیا لیکن امریکا، بھارت اور برازیل نے کرونا کے خلاف اچھے اقدامات نہیں کیے۔ امریکی عوام دائیں بازو کی طرف سے پروپیگنڈا کا شکار ہوئی۔ چین کی ویکسین ٹیسٹ کے اہم مراحل میں ہے۔ چینی ویکسین پہلے دستیاب ہو سکتی ہے۔ امریکی حکومت چینی اقدامات کو نیچا دکھارہی ہے۔ ٹرمپ متبادل حکومت بناسکتے ہیں جبکہ مودی کی قیادت میں بھارت میں سیکولرازم کو خطرہ ہے۔ بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی ملک میں رہی سہی سیکولر جمہوریت کو ہی تباہ کر رہے ہیں اور مسلمانوں کے حقوق سلب کئے جا رہی ہیں جبکہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بدترین ظالمانہ حکمرانی قائم ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ بھی ہو سکتی ہے اور انہوں نے متنبہ کیا کہ دو ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان جوہری جنگ دنیا کیلئے تباہ کن ہوگی۔