اپوزیشن استعفوں کا شوق پورا کر لے‘ احتساب کا عمل نہیں رکے گا: گورنر
لاہور، شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن استعفوں کا شوق بھی پورا کر لے احتساب کا عمل رکے گا اور نہ ہی حکومت کہیں جائے گی۔ پی ڈی ایم تصادم کر کے سیاسی طور پر شہید بننا چاہتی ہے مگر ہم انکی یہ خواہش بھی پوری نہیں ہو نے دیں گے۔ نیب کے اپوزیشن قائدین کیخلاف مقدمات سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، تمام ادارے آزاد ہیں۔ گورنر ہائوس لاہور میں تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کے دوران گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آئین وقانون کے مطابق جہاں سے بھی اپوزیشن کا کوئی ممبر پارلیمنٹ استعفیٰ دے گا وہاں ضمنی انتخابات ہوجائیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف کرپشن کے جو بھی مقدمات ہیں یہ دونوں جماعتیں خود ایک دوسرے کے خلاف بناتی رہی ہیں۔ مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت مضبوط اور متحد ہے۔ گورنر پنجاب نے نارکوٹکس ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین رانا تقاسر کی سالگرہ کا کیک کاٹا، اس موقع پرمرکزی چیئرمین نارکوٹکس کمیٹی چودھری محمد رمضان، طارق جنید کنٹری مینجر کیلپ ریسرچ اینڈ سروے کمپنی، میاں کاشف اقبال پریکٹیکل سیکرٹری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہاکہ اپوزیشن ملکی اور عوامی مفادات کیلئے جلسے جلوس نہیں بلکہ اپنی کرپشن کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر آئی ہے۔ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری اپنے اپنے باپ کی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ ایک طرف کرونا کے وار بڑی تیزی کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تو دوسری طرف اپوزیشن اقتدار کی ہوس میں اندھی ہوکر عوام کو اکٹھا کرنے کی ضد کر رہی ہے۔