• news

جو بائیڈن کو پینٹاگون تک رسائی مل گئی‘ سیاہ فام جنرل آگسٹن وزیردفاع نامزد

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کیلئے پینٹاگون کی خفیہ اطلاعات تک رسائی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ سی این این نے وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جو بائیڈن کی انتقال اقتدار ٹیم نے پینٹاگون کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خفیہ اطلاعات تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ علاوہ ازیں جو بائیڈن کی ٹیم کے ارکان اور ملک کی وزارت دفاع کے ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے پہلے سیاہ فام ریٹائرڈ فوجی جنرل لائیڈ آسٹن کو وزیردفاع نامزد کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی خبررساں ادارے سی این این‘ نیویارک ٹائمز اور پولییکو نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان اور عراق میں تعینات رہنے والے افریقی نژاد امریکی ریٹائرڈ فوجی جنرل لائیڈ آسٹن کو محکمہ دفاع کی سابق انڈر سیکرٹری مشیل فلورنوئے کی جگہ موزوں قرار دیا گیا ہے‘ تاہم آسٹن کو وزیردفاع کے عہدے پر تعیناتی کیلئے سینٹ کی منظوری درکار ہوگی جس کے بعد وہ پہلے سیاہ فام امریکی وزیردفاع ہونگے۔ آسٹن 31 جنوری 2013ء کو امریکی فوج کے وائس چیف آف سٹاف تعینات ہوئے۔ 2010ء میں عراق میں امریکی فورسز کے کمانڈنگ جنرل اور 2 سال بعد مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امریکی محکمہ دفاع کے تمام آپریشنز کے کمانڈر تعینات ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن