فوج کے موثر اقدامات سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم ہو گا: گورنر بلوچستان
کوئٹہ(اے پی پی)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے آج یہاں گورنر ہاس کوئٹہ میں الوداعی ملاقات کی جس میں گورنراما ن اللہ یاسین زئی نے لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کی بلوچستان کیلئے سرانجام دینے والی خدمات کو سراہا۔الوداعی ملاقات کے موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کا منصب نہ صرف ایک بڑی ذمہ داری ہے بلکہ ایک اعزاز بھی ہے. انہوں نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے موثر اقدامات اور خدمات سے ملک وصوبے میں نہ صرف پائیدار امن قائم ہوگا بلکہ خطے میں رونما ہونے والی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے راہ بھی ہموار ہوگی۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ محمد وسیم اشرف نے کہا کہ وہ بلوچستان کے لوگوں کے خلوص و محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔