فیروز والہ، کوٹ عبدالمالک میں سلنڈر دھماکے،3مزدوروں سمیت 4 جھلس گئے
لاہور+فیروز والہ(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)فیروز والہ کے علاقے کوٹ عبدالمالک کے قریب فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹ جانے سے تین مزدور جھلس کر زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا جبکہستوکتلہ کے علاقے میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی کوٹ عبدالمالک کے قریب ایک فیکٹری میں موٹر سائیکلوں کا سامان تیار ہو رہا تھا اس دوران کام کرتے وقت گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے باعث تین مزدور محمد اکرم، عثمان اور ان کا ساتھی جھلس کر زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیواہلکاروں نے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ ادھرستوکتلہ کے علاقے ویلنشیا میں گھر میں چائے بناتے ہوئے گیس لیکج کے باعث سلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔