ملازمہ پر تشدد‘ گرفتار سسر ‘ ساس نے داماد ‘بیٹی کو بچانے کے لیے تشدد کا اعتراف کیا
فیصل آباد (آن لائن ) فیصل آباد میں کمسن ملازمہ پر تشدد کیس کی مزید تحقیقات، بچی پر تشدد کرنیوالے اصل ملزم فیصل اوران کی اہلیہ نکلے۔ پولیس نے فیصل کی ساس اور سسر کو ملزم کی حیثیت سے گرفتار کرلیا، گرفتار سسر رانا منیر اور ساس ثمینہ رانا نے داماد اور بیٹی کو بچانے کے لیے تشدد کا اعتراف کیا تھا۔حقائق سامنے آنے پر پولیس نے مقدمہ کے مدعی چائلڈ پروٹیکیشن بیورو کی انتظامیہ سے اضافی بیان لیکر دو نامعلوم ملزموں کا اضافہ کردیا ہے۔ اصل ملزمان فیصل اور اسکی اہلیہ کو جلد گرفتار کر کے پیش کرنے کے لیے پھرتیاں دکھانا شروع کردی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ رانا منیر نے بچی پر تشدد کا اعتراف کرکے اپنے داماد اور بیٹی کو بچانے کی کوشش کی رانا منیر ضمانت پر رہا ہوچکے جبکہ انکی اہلیہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہیں۔مجسٹریٹ کی عدالت میں متاثرہ بچی کو آج پیش کیا جائے گا، اس پر تشدد کرنیوالوں کو بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔