فیس ماسک کا لازمی استعمال کرونا کیسز میں نمایاں کمی لاسکتا ہے: جرمن تحقیق
برلن(این این آئی)کسی بھی علاقے میں بڑے پیمانے پر فیس ماسک کا استعمال چند دنوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی لاسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی،طبی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع تحقیق میں ایک جرمن شہر میں فیس ماسک کی پابندی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دینے پر اس جرمن شہر میں 20 دن کے اندر نئے کیسز کی شرح میں 45 فیصد تک کمی آئی۔تحقیق سے ان شواہد کو مزید تقویت ملتی ہے جن کے مطابق فیس ماسک کووڈ 19 کے پھیلا ئوکو روکنے کا سستا اور موثر طریقہ ہے۔جرمنی کے شہر جینا میں عوامی طور پر دستیاب کیسز کی تعداد کے دستیاب ڈیٹا کو دیکھا گیا، جہاں اپریل کے پہلے ہفتے میں فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا۔محققین نے دریافت کیا کہ اس پابندی کے بعد آنے والے ہفتوں میں نئے کیسز کی تعداد لگ بھگ صفر تک پہنچ گئی اور اس کو دیکھتے ہوئے جرمنی کی تمام ریاستوں میں اپریل کے آخر تک فیس ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیا۔تحقیق میں شامل جوناز گٹنبرگ یونیورسٹی کے پروفیسر کلوس والڈی نے بتایا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں آبادی کی سطح پر فیس ماسک کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، پہلے طبی مراکز میں اس طرح کے تجربات ہوئے تھے، اور نتائج بہت نمایاں تھے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فیس ماسکس کا استعمال لازمی کرنے کے بعد محض 20 دن میں کووڈ 19 کے نئے کیسز کی تعداد میں 15 سے 75 فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے، جس کا انحصار خطے پر ہوگا۔