• news

پاکستان، چین کی مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور چین کی فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ مشترکہ ہوائی مشق شاہین ائیر بیس پر شروع ہو گئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چینی فضائیہ کا دستہ پائلٹس‘ ائیر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے پر مشتمل ہے جو اس فضائی مشق میں حصہ لے گا۔ ائیر وائس مارشل وقاص احمد سلہری‘ ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (آپریشنز) پاک فضائیہ اور میجر جنرل سن ہانگ اس افتتاحی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔ میجر جنرل سن ہانگ نے کہا کہ یہ مشترکہ فضائی مشق جنگی تربیت کو مزید بہتر بنانے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ چینی فضائیہ کے عملے کو خوش آمدید کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل وقاص احمد سلہری نے کہا کہ ان مشقوں سے دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے مابین بالخصوص عسکری تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔ چینی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی فضائی مشقوں کے سلسلے کی یہ نویں مشق ہے۔فوجی مشقیں 2020ء  تعاون منصوبہ کا حصہ ہیں۔ پاک چین مشقیں دسمبر کے آخر تک جاری رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن