• news

بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملکر کام کررہے ہیں : چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔ نیب کرپشن فری پاکستان کے لئے پرعزم ہے۔ معاشرے کے تعاون کے بغیر کسی ایک ادارے سے بدعنوانی کے خاتمہ کی توقع ممکن نہیں۔ بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ہر سال 9 دسمبر کو عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جو بدعنوانی کے خاتمے کے لئے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی سہہ جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب تمام سٹیک ہولڈرز سے مل کر کام کر رہا ہے اور اپنی موثر انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے ذریعے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نیب کی موثر انسداد بد عنوانی کی شاندار حکمت عملی کے بہترین نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیب نے اینٹی کرپشن کے دیگراداروںکے لئے مشعل بردار کا کردار ادا کرتے ہوئے وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے 10 ماہ کی مدت مقرر کی ہے جبکہ منی لانڈرنگ کے خاتمہ کے لئے ''اینٹی منی لانڈرنگ اور انسداد مالی معاونت روک تھام سیل'' قائم کیا ہے۔ نیب کی بدعنوانی کے خلاف موثر کوششوں کو معتبر قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں جیسے پلڈاٹ، مشال پاکستان، عالمی اقتصادی فورم نے سراہا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ نیب کی موثر کارکردگی کی وجہ سے عوام کا اعتماد بھی نیب پر59  فیصد ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن