• news

کرونا ، 60ہلاکتیں ، مزید سختیوں کا عندیہ ، راولپنڈی 19، بہاولپور کے 3علاقوں میں سمارٹ لا ک ڈائون

 اسلام آباد‘ لاہور‘ میانوالی‘ سرگودھا‘ فیصل آباد (آئی این پی‘ کلچرل رپورٹر‘ نامہ نگار) کرونا وائرس سے مزید 60 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 547 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 142 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 963 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 24 ہزار 804، سندھ میں ایک لاکھ 87 ہزار 684، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 506، بلوچستان میں 17 ہزار 540، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 761، اسلام آباد میں 33 ہزار 420 جبکہ آزاد کشمیر میں7 ہزار427 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 58 لاکھ 65 ہزار 944 افرادکے ٹیسٹ کئے گئے، پنجاب میں کرونا کے بڑھتے وار کو روکنے کے لئے مزید شہروں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ہیلتھ کیئر پنجاب محمد عثمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی کے انیس اور بہاولپورکے تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے،وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مزید سختیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔  اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے بتایا کہ اجلاس میں کرونا کی صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کرونا وبا سے متعلق کل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت این سی سی کا بھی اجلاس ہوگا، اجلاس میں تمام وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔ اسد عمر نے اپنی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کرونا کی پہلی لہر کے بعد دنیا نے پاکستان کی مثال دینا شروع کی تھی، دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان نے کووڈ نائنٹین کا کامیابی کیساتھ مقابلہ کیا۔ بل گیٹس، ڈبلیو ایچ او اور ورلڈ اکنامک فورم بھی پاکستان کی مثال دے رہا تھا۔ این سی او سی سربراہ کا کہنا تھا کہ مگر دوسری وبا کے دوران این سی او سی کی ہدایات پر عملدر آمد شروع ہوا مگر پہلے کی طرح نہیں، بدقسمتی سے کرونا کی دوسری لہر میں یکساں پیغام نہیں جارہا۔ اس دوران علمائے کرام ، ڈاکٹرز کی جانب سے بہت اچھا پیغام سامنے آیا۔ میڈیا کے اندر بھی اب پیغام کو صحیح ترجیح دی جارہی ہے۔ میڈیا بریفنگ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ جلسے کرنے کیلئے کرونا کا مذاق اڑانا قابل افسوس ہے، جمہوری عمل میں سیاسی جماعتیں معیشت اور عوام کو مشکل میں نہیں ڈالتی۔ اپوزیشن کے لوگ یہ کہتے ہیں کہ جلسے سے کرونا بھاگ جائیگا تو یہ زیادہ خطرناک ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق امریکہ کرونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں 293398ہو گئیں۔ متاثرین کی تعداد 1کروڑ 55لاکھ 91ہزار تک پہنچ گئی۔ بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید404ہلاکتیں ہوئیں۔ برطانیہ میں اموات 62033تک پہنچ گئیں۔ مقبوضہ کشمیر میں  24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس  کے23ہزار992تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں470افراد کی رپورٹیں مثبت آ ئی ہیں۔ اس طرح جموں و کشمیر میں کرونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 14ہزار38ہوگئی ہے۔ ان میں 46ہزار 480جموں جبکہ 67ہزار 580افرادکشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ سرگودھا  میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد اور شدت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت بھی 40 مریض ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے کرونا وارڈ میں داخل ہیں۔ جن میں سے 20 کے قریب مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور یہ وہی مریض ہیں جو مرض کی آخری سٹیج پر ہسپتال میں داخل ہونے کیلئے آئے ہیں۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے پلمونالوجسٹ و فوکل پرسن کرونا آئیسولیشن وارڈ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ مارچ سے لے کر اب تک 462 مریض داخل ہوئے ہیں۔ گزشتہ شب ایک اور کرونا کا مشتبہ مریض الائیڈ ہسپتال  فیصل آباد میں زندگی کی بازی ہا ر گیا ‘ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں 55سالہ اسحاق ولد غلام رسول کو کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر الائیڈ ہسپتال لایا گیا ‘ اسے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کرکے کرونا ٹیسٹ لیبارٹری بھجوائے گئے تو ٹیسٹ رپورٹ موصول ہونے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ ضلع میانوالی میں 2  اورمریض جاں بحق ۔کرونا سے ہو نیوالی اموات کی تعداد 54ہو گئی ۔اس وقت ضلع میانوالی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجمو عی تعداد 57ہے جن میں سے 15مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ 42افراد کو ان کے گھروں پر کو رنٹائن کیا گیا ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ آفیسر پر یو ینٹیٹو ہیلتھ ڈاکٹر میاں کا شف علی نے ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ کو بریفنگ دیتے ہو ئے بتائی۔  پاکستانی فلموں، ڈراموں کی مشہور اداکارہ نیلم منیر  کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ایک طویل تحریر بھی پوسٹ کی۔ گزشتہ روز اداکارہ نے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔ انسٹاگرام سٹوری میں ایک طویل تحریر پوسٹ کی جس میں اداکارہ نے لکھا کہ میں آپ سب کو کچھ ضروری باتیں بتانا چاہتی ہوں، جن سے پچھلے چند روز سے میں گزر رہی تھی۔ میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جبکہ میرے تمام گھر والے بالکل صحت مند اور محفوظ ہیں۔لکا چھپی، رابطہ، ہیرو پنتی، پتی، پتنی اور وہ، جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بولی وڈ اداکارہ کریتی سنن بھی کرونا کا شکار ہو گئیں۔ کچھ دن قبل ہی بولی وڈ اداکار سنی دیول، ورون دھون اور نیتو کپور بھی اس وباء کا شکار ہوئی تھیں۔ ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد کریتی سنن نے خود کو ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن