دو طرفہ سیریز‘ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کریگی
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم راولپنڈی روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ چار فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔ دورے میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان پر رضا مندی پاکستان کی کرکٹ اور یہاں موجود فینز کیلئے ایک خوش آئند ہے۔ ہمیں جنوبی افریقہ کے بعد اسی سال نیوزی لینڈ‘ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی بھی میزبانی کرنی ہے۔ اسی سال پاکستان کو ایشیا کپ 2021ء اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2021ء میں بھی شرکت کرنی ہے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر گریم سمتھ نے کہا بخوبی جانتے ہیں کہ یہاں کی عوام کرکٹ سے کس قدر محبت کرتی ہے۔ ہمارے سکیورٹی وفد کی سفارشات اور تجاویز نے ہمیں دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ کرنے میں بہت رہنمائی کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا سیریز میں شامل 2 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کے منتظر ہیں۔ انہیں خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستان کو دنیا کی چند مضبوط ٹیموں کیخلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے‘ جو ہماری ٹیم کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول 26 تا 30 جنوری پہلا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی‘ 4 تا8 فروری‘ دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی‘ 11 فروری کو پہلا‘ 13 فروری کو دوسرا اور 14 فروری کو تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ لاہور میں ہوگا۔