جلسہ کے انعقاد پر مقدمات کی دھمکیاں گبھراہٹ کا ثبوت ہے:صفدربھٹی
فیروزوالہ(نامہ نگار) پیپلز لائرز فورم پنجاب کے نائب صدر محمد صفدر بھٹی ایڈووکیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل فیروزوالہ کے صدر ذوالفقار علی گورائیہ العمروف مٹھو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے پی ڈی ایم کے لاہور کے جلسہ کے انعقاد پر مقدمات کے اندراج کی گیدڑ بھبکیاں ان کی بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں پی ڈی ایم کی تحریک اب حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی۔لاہورکا جلسہ نااہل نالائق اور عوام دشمن حکومت کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کیا کاروبار ٹھپ ہو چکے تاجر مزدور ریڑھی چھابڑی والے سمیت ہر محنت کش شہری مہنگائی کی وجہ سے دہائیاں دے رہا ہے اور اس نالائق حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہے ۔محمد صفدر بھٹی ایڈووکیٹ اور ذوالفقار علی گورائیہ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام موجودہ حکومت کو مزید ایک لمحہ بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں پوری قوم پی ڈی ایم کی جاری تحریک کی کامیابی کیلئے نہ صرف دعا گو ہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کے جاری احتجا ج میں بھی بھرپور شرکت کررہے ہیں۔