کرونا کے دوران سبسڈی نہ ملنے پرچکن کی قیمت میں اضافہ ہوا:خورشید احمد قریشی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) کرونا وائرس کی پہلی لہر میں سبسڈی نہ ملنے کی وجہ سے پولٹری انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے جسکی وجہ سے آج چکن کے نرخ بڑھ گئے ہیں وزیراعظم عمران خان کے لائیو سٹاک کے سیکٹر کو پروموٹ کرنے کے ویژن کو مزید کامیابی کی طرف لے جانے کیلئے ضروری اقدامات کی ضرورت ہے ۔یہ بات مرکزی صدر آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن و ڈائریکٹر لائیو سٹاک اینڈ ڈائری ڈویلپمنٹ بورڈ خورشید احمد قریشی نے وفاقی سیکرٹری فوڈ سیکورٹی غفران میمن اور چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد فتح اللہ ، دیگرممبر بورڈ آف ڈئریکٹر کیساتھ مشترکہ میٹنگ میں کہی ۔خورشید احمد قریشی نے پولٹری انڈسٹری سے متعلق بریفینگ دی کہ کرونا جیسی وباء کی پہلی لہر میں چکن کی پیداوار کی لاگت 150/-فی کلو آئی جبکہ قیمت فروخت 90/-فی کلو ہوئی جس کی وجہ سے پولٹری انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی اور فارمر کو بھی شدید بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فارمر کو سبسڈی دی جائے تاکہ فارمر چکن کی پیداوار میں اضافہ کرے اور چکن کے بحران پر قابو پا کر اس کے ریٹ کو کم کیا جاسکے ۔