لاکھوں کے ڈاکے: فیروز والا میں مزاحمت پر فائرنگ، تاجر کا بیٹا قتل، شہری زخمی
لاہور، فیروزوالا (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، فیروز والا میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، تاجر کا بیٹا قتل، ایک شہری زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق باٹا پور میں مسلح ڈاکو عظمت علی کے گھر سے 5لاکھ 85ہزار مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ فیصل ٹائون میں عتیق کے گھر گھس کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 80ہزار روپے مالیت، سول لائن میں فاروق منیر اور فیملی سے 3لاکھ 65ہزار مالیت، لوئر مال میں بابر اور فیملی سے 3لاکھ 10ہزار روپے اور سامان لوٹ لیا گیا۔ گجر پورہ میں ملک اجمل سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر 75ہزارگھڑی اور موبائل، کاہنہ میں نذیر احمد سے گن پوائنٹ پر40ہزار نقدی، موبائل فون اور مصطفی آباد میں گن پوائنٹ پر صبور سے 25ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ جبکہ نامعلوم چور قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ اور ہڈیارہ سے گاڑیاں جبکہ گڑھی شاہو، لٹن روڈ اور نواب ٹائون سے3 موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی پٹھان کالونی(رچنا ٹائون) میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے تاجر کا بیٹا ہلاک اور راہگیر زخمی ہو گیا۔ ڈاکو 7لاکھ روپے اور موبائل چھین کر لے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ کالاخطائی روڈ کی آبادی کوٹ محمد حسین کے رہائشی بھٹہ ڈیلر تاجر حبیب احمد کا 28سالہ بیٹا زاہد حبیب ریکوری کے لیے گھر سے گیا اس کے پاس 5لاکھ ساٹھ ہزار روپے اور موبائل تھا۔ فیروزوالہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ جبکہ پٹھان کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے واردات میں ناکامی کے باعث گولی مار کر نوجوان ماجدکو زخمی کر دیا۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔