اسمبلیوں سے استعفوں سمیت اہم معاملے پر پیپلزپارٹی کے اندر رائے تقسیم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی نے قومی، صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور دوسرے سیاسی ایشوز پر غور اور فیصلہ کے لئے سی ای سی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں حتمیٖ ٖفیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر ان اہم ایشوز پر رائے منقسم ہے۔ بلاول بھٹو نے اجلاس بلانے کی تصدیق کی ہے۔ دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، نیر بخاری، فرحت اللہ بابر، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں پی ڈی ایم کے جلسوں کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ مشاورتی اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی اور اس سلسلے میں سی ای سی سے بھی مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کی پی پی پی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی نہیں ہونا چاہئے، یہ غلطی ہو گی۔