پارٹی ارکان استعفے نہ دیں، سی ای سی کرے گی: بلاول
کراچی ‘ اسلام آباد (ایجنسیاں) بلاول زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت خاص طور پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے دینے اور سوشل میڈیا پر شیئرکرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے پارٹی ارکان کو اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے سے روک دیا۔ جمعرات کو اس حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ارکان سے جواب طلبی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کس کی ہدایت پر آپ لوگ استعفے دے رہے رہیں؟۔ اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں طے ہونا ہے، ارکان کو استعفیٰ دینے سے روک دیا اور میڈیا میں بھی بات کرنے سے گریز کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فوری طور پر استعفیٰ نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ بلاول زرداری نے سینئر قیادت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جذباتی نہ ہوں اور سی ای سی میٹنگ کے فیصلوں کا انتظار کریں اور اب کوئی بھی رکن استعفی پیش نہ کرے۔ جبکہ کوئی بھی رکن اسمبلی سوشل میڈیا پر استعفی شیئر نہ کرے اور نہ ہی استعفوں پر بات کی جائے۔ ٹی وی چینلز اور اخباری بیانات میں بھی استعفوں پر کوئی بات نہ کی جائے۔ پی ڈی ایم کے ہر فیصلے کے ساتھ ہیں لیکن استعفوں کا فیصلہ پارٹی خود کرے گی۔ دوسری جانب آصف زرداری نے سندھ اسمبلی توڑنے سے متعلق فیصلے پر سی ای سی اجلاس میں مشاورت کیلئے مہلت طلب کرلی۔ پی ڈی ایم سربراہوں نے آصف زرداری کی مشاورت کی درخواست قبول کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں زرداری نے کہا کہ استعفوں کا معاملہ ایک بڑا فیصلہ ہے اور اس کے لئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں۔ پی ڈی ایم رہنمائوں نے کہا زرداری سے درخواست کی ہے کہ پی ڈی ایم کا نکتہ نظر پارٹی ارکان اور سی ای سی ممبرز کو بتایا جائے۔ آصف زرداری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ مشاورت کے بعد فیصلے سے آ گاہ کروں گا۔ ادھر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔