انڈر16نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ پنجاب اے نے جیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پنجاب اے ہاکی ٹیم نے بہترین وشاندارکھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب سی کوکودوکے مقابلے چارگولوںسے شکست دیکر انڈر16نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئین شپ کا فائنل اپنے نام کرلیا۔ تیسری پوزیشن خیبر پی کے نے حاصل کی۔فائنل کے مہمان خصوصی گورنرخیبر پی کے شاہ فرمان نے میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پر کھیلا جانیوالا فائنل کا آغاز تیزی سے ہوا ۔پنجاب اے کے بلال اسلم نے ساتویں منٹ میںگول کرکے ٹیم کو برتری دلائی ۔چار منٹ بعد پنجاب سی کے محمد عزیر نے گول کرکے مقابلہ 1-1کر دیا۔25ویںمنٹ میں پنجاب سی کے بلال اکرم نے فیلڈ گول کی بدولت برتری دلادی۔سات منٹ بعد پنجاب اے کے کپتان عدنان شاہد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کرکے میچ 2-2سے برابر کردیا۔37ویں منٹ میں پنجاب اے کو ایک اور پینلٹی کارنر ملا جس پر بلال اسلم نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔40ویں منٹ میں محمد احمد نے گول کرکے پنجاب اے کی برتری 2-4کر دی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔پنجاب اے کو سونے کااور پنجاب سی کو چاندی کا تمغہ ملا۔خیبر پی کے نے پانچوں لیگ میچ جیتے تھے اور 15پوائنٹس تھے کو تیسری پوزیشن کا حقدار ٹھہرایا گیااور کانسی کا تمغہ جیتا۔