• news

معروف تاجر رہنماسراج قاسم تیلی ڈیفنس قبرستان کراچی میں سپردخاک

کراچی (کامرس رپورٹر)  پاکستان اور بالخصوص کراچی کی بزنس کمیونٹی کے مقبول تاجررہنماسراج قاسم تیلی کو ڈیفنس فیز7ایکسٹینشن کے قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات کی صبح مسجد صحیم سے متصل فٹ بال گرائونڈ میں ادا کر گئی۔ سراج قاسم تیلی کی میت بدھ اور جمعرات کی درمیان شب دبئی سے کراچی پہنچائی گئی۔ان کے ہمراہ انکی اہلیہ،بیٹی اور بیٹا بھی تھے۔انکے صاحبزادے کا کووڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں بھی سفر کی اجازت مل گئی تھی۔جمعرات کی صبح سراج قاسم تیلی کا جسد خاکی خیابان طارق میں انکی رہائشگاہ سے بہت بڑے ہجوم میں ڈیفنس فیز 6  خیابان راحت پرواقع مسجد صحیم سے متصل فٹ بال گرائونڈمیں پہنچایا گیا۔فٹ بال گرائونڈ میں مختلف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے ہزاروں افرادنماز جنازہ میں شرکت کیلئے موجود تھے۔نماز جنازہ حافظ مولانا شمس الرحمن نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سراج قاسم تیلی کے بڑے بھائی یاسین سیٹھ، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان، محمود مولوی، ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی،پاک سرزمین پارٹی کے رہنما اورسابق ڈپٹی میئرڈاکٹر ارشد وہرہ، شبیرقائمخانی، سید حفیظ الدین، مبشرامام، سابق سینیٹر حاجی غلام علی، ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار، سی پی ایل سی کے سابق چیف احمد چنائے،عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب،ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں صدر کے عہدے کیلئے امیدوار خالدتواب اور میاں ناصر حیات مگوں،نائب صدر کے امیدوارعارف یوسف جیوا،اختیار بیگ،چیئرمین آباد فیاض الیاس،حنیف گوہر،شکیل ڈھینگڑا،کے سی سی آئی کے صدر شارق وہرہ، سابق صدورہارون اگر،زبیرموتی والا،یونس بشیر، عبداللہ ذکی،شمیم فرپو،اے کیو خلیل، مجیدعزیز،ہارون فاروقی،انجم نثار،سعید شفیق،زکریا عثمان،فاروق افضل،میاں زاہد حسین،جاوید بلوانی،ریحان حنیف، فیصل خلیل،ندیم اے کشتی والا،عبدالباسط عبدالرزاق،مجیدمیمن،محمدادریس،آصف بیگا، سلیم میمن، سمیت ہزاروں افراد،کراچی چیمبر کے ممبران اور شہر کی تاجر اورصنعتکار برادری شریک تھی۔ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کاروباری طبقہ میں انکا نام سرفہرست ہے،جراتمندی سے کراچی کے مسائل کو اجاگر کرتے تھے، جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور دیگرمعاملات پر سراج قاسم تیلی کی ایک مضبوط آواز تاجر برادری کی طرف سے اٹھتی تھی، خرم شیر زمان نے کہا کہ جنازے میں لوگوں کا جم غفیر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ سراج بھائی سے کتنا پیار کرتے تھے،سراج قاسم تیلی کا ملکی معیشت میںکردار ناقابل فراموش ہے، ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثارنے کہا کہ سراج قاسم تیلی کا خلاء پرنہیں کیا جاسکتا،انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ تاجروں کے اہم نمائندے تھے۔سابق سینئرنائب صدر فیڈریشن چیمبرخالد تواب نے کہا کہ ہم سراج بھائی کی کمی کو شدید محسوس کررہے ہیں، وہ ایک بہترین اور نڈر لیڈر تھے اور حنیف گوہر نے کہا کہ ہر آنکھ اشک بارہے، ہم انکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن