شیخوپورہ: وکلاء، ایڈیشنل سیشن جج تنازعہ میں شدت، مکمل عدالتی بائیکاٹ
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ میں وکلاء اور مقامی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے مابین تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ وکلاء نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا گھیرائو کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ جج کو فی الفور تبدیل کیا جائے وگرنہ وکلاء کا احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ گزشتہ روز مذکورہ فاضل جج کی عدالت میں مقامی وکیل انعام اللہ ایڈووکیٹ بغیر ماسک کے داخل ہونے لگا تو وہاں پر ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل گلفام احمد نے اسے ماسک پہن کر عدالت میںآنے کا کہا تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور وکیل نے مشتعل ہوکر کانسٹیبل کو تھپڑ مار دئیے جس کے بعد عدالتوں میں جاری کام رک گیا اس دوران صدر بار زاہد سعید ایڈووکیٹ نے فریقین کے مابین صلح کروانے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی۔ بعدازاں ڈی پی او غلام مبشر میکن کی ہدایت پر تھانہ بی ڈویژن پولیس نے انعام اللہ ایڈووکیٹ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جس کے خلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔