• news

کرپشن کرونا سے زیادہ خطرناک، سیاستدانوں کی لڑائی سے جمہوریت کو نقصان ہوگا: سراج الحق 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کی بیماری کرونا سے زیادہ خطرناک ہے۔ 70برسوں سے قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ اب سیاستدانوں کو سنجیدہ رویہ اپنانا ہو گا۔ ان کی آپسی لڑائی سے نقصان جمہوریت کا ہو گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اب نظام مصطفی کو موقع ملنا چاہیے۔ ملک میں عدم استحکام سے بھارت کو فائدہ ہو رہا ہے جو پہلے ہی جعلی اداروں کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو منصورہ میں مرکزی ذمہ داروں  کے اجلاس اور ملاقات کے لئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر لیاقت بلوچ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف تحریک کے دوسرے فیز کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی حقوق کے لئے جدوجہد بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے سیاستدانوں کو سنجیدہ رویہ اپنا نا ہو گا۔ کرپشن دیمک کی طرح ملکی وسائل کو چاٹ رہی ہے۔ تھانوں سے لے کر پٹوار خانوں تک ہر جگہ کرپشن کا دور دورہ ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن ریفارمز، پائیدار اسلامی جمہوری نظام کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لئے بات چیت کا آغاز کریں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ برسلز کے ایک ادارے کی تفتیشی رپورٹ نے بھارت کے پراپیگنڈہ کی قلعی کھول دی ہے۔ ایک سال قبل بھی بھارت کی 250سے زیادہ جعلی این جی اوز اور ویب سائٹس کی نشاندہی ہوئی تھی جو پاکستان کے خلاف پوری دنیا میں پراپیگنڈہ کر رہی تھیں۔ اب تازہ ترین رپورٹ نے بھی بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا میں عیاں کر دیا، لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ انھوں نے مودی حکومت کے خلاف کوئی جان دار موقف نہیں اپنایا۔کارکن اسلامی اور خوشحال پاکستان کا نعرہ ملک کے کونے کونے میں پھیلائیں۔ لوگوں کو سٹیٹس کو سے آزاد کرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن