سی پیک نے نئے مواقع پیدا کئے،وسط ایشیاتک رسائی کیلئے کوشاں ہیں
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کیلئے خطے کے ساتھ رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ رابطہ کاری کے اس منصوبے سے تین ارب سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ پاکستان نے افغان امن عمل کی ہر سطح پر حمایت کی ہے۔ خطے کی رابطہ کاری اور تعاون کو بڑھانے کیلئے امن و سلامتی انتہائی اہم ہے۔ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرنے اور اقتصادی و معاشی نقل وحمل میں تیزی لانے کیلئے کوشاں ہے۔ جمعرات کوچیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کرغزستان میں منعقدہ کانفرنس سے ورچوئل لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستا ن کے قریبی تعلقات کے باوجود تجارتی حجم کم ہے۔ دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کی اشدضرورت ہے۔ سی پیک خطے کیلئے ایک گیم چینجرکے طور پر سامنے آیا ہے۔سی پیک منصوبہ سینٹرل ایشیا، جنوبی ایشیا، مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور یورپ کے ساتھ رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔رابطہ کاری کے اس منصوبے سے تین ارب سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔کانفرنس میں کرغزستان کے وزیر خارجہ، اراکین پارلیمنٹ اور آذربائیجان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔