• news

ذکی لکھوی جیب خرچ معاملہ: سلامتی کونسل رازداری کی خلاف ورزی کا نوٹس لے:پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے پابندیوں کی کمیٹی کے ریکارڈز کی رازداری کی خلاف ورزی اور بھارتی میڈیا کو اس مذموم مقصد کے لئے استعمال کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک ہزار دو سڑسٹھ پابندیوں کی کمیٹی کی اقوام متحدہ کے نامزد ذکی الرحمن لکھوی کو بنیادی جیب خرچ کا استثنی دینے کے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ یہ استثنی کمیٹی کے وضع کردہ طریقہ کار اور مشق کے عین مطابق ہے۔  ترجمان نے بھارتی میڈیا کے بعض حصوں کی جانب سے غیرضروری طورپر اس معاملہ کو سیاسی رنگ دینے پر افسوس کا اظہار کیا جس کا مقصد اقوام متحدہ کے پابندیوں کے نظام کے تحت ذمہ داریوں پر عمل درآمد سے متعلق پاکستان کی کوششوں کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کرنا ہے۔  ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک پر زور دیا کہ کمیٹی کی کارروائی اور ریکارڈز کی رازداری کی خلاف ورزی اور بھارتی میڈیا کو اس مذموم مقصد کے لئے استعمال کرنے کا نوٹس لیاجائے۔ ایسا غیرذمہ دارانہ رویہ نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نظام سے قطعی لاپرواہی کا مظہر ہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور ان کا مذاق اڑانے کے بھی مترادف ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن