عمران نیازی نے تابعداری میں اپنے ’’چپڑاسی‘‘ کو وزارت داخلہ دیدی: رہنما مسلم لیگ (ن)
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دیوالیہ پن کا ایک اور سرٹیفکیٹ کہ وہ جو کہتا تھا میرے پاس ڈریم ٹیم ہے اس کی صفوں میں وزیر داخلہ کا اہل امیدوار بھی نہ نکل سکا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ شیخ رشید کو مبارک ہو کہ وہ جو کہتا تھا اسے چپڑاسی بھی نہ رکھوں اس کے ہاتھوں وزارت داخلہ لیکر اسے ایکسپوز کر دیا۔ ویل ڈن شیخ صاحب!۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عمران نیازی نے تابعداری میں اپنے ’’چپڑاسی‘‘ کو وزیر داخلہ بنا دیا۔ ٹرین حادثات میں 100 بے گناہوں کے قتل کے بعد وزارت داخلہ ’’چپڑاسی‘‘ کو دے دی۔