10 لیگی ارکان اسمبلی کی بزدار سے ملاقات‘ 2 درجن سے زائد رابطے میں ہیں: راجہ بشارت
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ دو ہفتے میں مسلم لیگ (ن) کے 10 ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں میں مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی نے اپنے حلقے کے مسائل پیش کئے۔ جبکہ ان رہنماؤں نے اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ کی مخالفت کی۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دو درجن سے زائد افراد کا گروپ وزیراعلیٰ پنجاب سے پہلے بھی ملاقات کر چکا ہے۔ اور اب بھی 2 درجن سے زائد افراد وزیراعلیٰ سے براہ راست رابطے میں ہیں۔ مزید بھی لیگی ممبران اسمبلی جو اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ اور تصادم کے حق میں نہیں وہ جلد ملاقات کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے بہت سے افراد تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں۔ اور ان کے اندر دو دھڑے موجود ہیں ایک دھڑا تصادم کے خلاف اور ایک اس کے حق میں ہے۔ جلیل شرقپوری نے بھی کہا کہ میری معلومات کے مطابق 30 لیگی پارلیمنٹرین وزیراعلی پنجاب سے رابطے میں ہیں اور ان کی عثمان بزدار سے ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔