لاپتہ نوجوان کی نعش برآمد، وکیل سمیت3 کشمیری گرفتار
واشنگٹن‘ سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے لاپتہ نوجوان کی لاش بھارتی ریاست آسام سے ملی ہے جبکہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں سرکردہ وکیل گوہر احمد وانی سمیت تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے گاں دھرباغ گاں کے محمد آصف ڈار کی لاش بھارتی ریاست آسام کے گوہاٹی شہر سے ملی ہے ۔بھارتی پولیس نے گھیرائو اور تلاشی کی کاروائیوں اور گھر چھاپوں کے دوران شوپیاں ، ترال اور بڈگام کے علاقوں میں ایڈووکیٹ ، گوہر احمد وانی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا۔ ایڈووکیٹ ، گوہر احمد وانی ضلع شوپیاں کے علاقے امام صاحب کے رہنے والے ہیں۔ گوہر کے خلاف کالے قانون، یو اے پی اے کے تحت تھانہ امامصاحب ، شوپیاں میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دریں اثنا ، جمعہ کی صبح علی الصبح سری نگر کے نورباغ علاقے میں واقع سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا۔ دستی بم نشانے پر نہیں لگاسڑک پر گر کر پھٹ گیا۔ بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر کے کولگام قصبے میں بھارتی فورسز کے ایک کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ نہامہ کولگام میں قائم سی آر پی ایف 18بٹالین کے کیمپ کو نشانہ بنانے کی غرض سے نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا، دستی بم کیمپ کے احاطے کے باہر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔بعد میں بھارتی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی۔ مقبوضہ کشمیر کے دو سابق وزرائے اعلی عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ریاست کے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے لیے بھارتی فوج کو بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ مخصوص سیاسی پارٹی کو فائدہ پہنچا نے کے لئے انتظامیہ کی مشینری اور فوج کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔عمر عبداللہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ، ڈی ڈی سی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مدد کرنے میں مصروف عمل ہے۔سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا کہ انتخابات میں دھاند لی کے لئے مسلح فوج کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں کہاکہ جموں و کشمیر میں رواں ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرنے کے لئے مسلح فوج کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فورسز جنوبی کشمیر میں 3صحافیوں کوکئی گھنٹوں تک حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ مدثر قادری، جنید رفیق اورفیاض شاہ کو اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے میں پولنگ کی کوریج کے دوران ایس ایس پی سندیپ چودھری نے تشدد کا نشانہ بنایا اور تھانے میں بند کردیا۔کئی گھنٹوں بعد انہیں چھوڑا گیا۔عالمی کشمیر آگاہی فورم(ڈبلیو کے اے ایف) نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے کردار ادا کیا جائے ۔ فورم نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر فوجی انخلا کیا جائے کشمیریوں کو آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعہ اپنے حق خودارادیت کا موقع دیا جائے۔ ریاست کا فوجی محاصرہ فوری ختم کر ے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں ڈبلیو کے اے ایف نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی ختم کی جائے ۔ مواصلاتی رابطے بحال کیے جائیں ۔ کم عمر بچوں ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ممبروں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔