بھارت پاکستان کیخلاف ہائی برڈ وار میں ملوث، دنیا سازشوں کا نوٹس لے: شاہ محمود،معید یوسف
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے تشخص کو خراب کرنے کیلئے جعلی کام کر رہا تھا۔ یورپی یونین کی ڈس انفولیب نے ہمارے مؤقف کی تائید کر دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ریاست کی پشت پناہی میں جعلی این جی اوز کا استعمال کیا گیا بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کیخلاف بھرپور مہم جوئی کی ۔ عالمی فورمز پر پاکستان کو نیچا دکھانے کی بھارتی کوششیں ناکام رہیں۔ ہماری سنجیدگی دنیا پر عیاں ہے مگر بھارت پاکستان کیخلاف پراپیگنڈہ کرتا ہے، دنیا سے بھارتی سازشوں کیخلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت نے پراپیگنڈے کیلئے ہر قسم کے وسائل کا استعمال کیا۔ پاکستان بھارتی سازشوں سے دنیا کو آگاہ کر رہا ہے۔ دنیا کو بتا دیا بھارت پاکستان کیخلاف دہشتگردوں کی مالی معاونت کرتا ہے۔ معاون خصوصی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت نے جعلی این جی اوز کے ذریعے اقوام متحدہ کو متاثر کیا۔ بھارت نے یورپی پارلیمانی وفد کو پاکستان کے خلاف اکسایا۔ بھارت نے یورپی پارلیمنٹ کو اپنی سازش میں استعمال کیا۔ تیس سال سے بند این جی اوز کا نام استعمال کر کے پاکستان کے خلاف بات کی گئی۔ یورپی پارلیمانی وفد سے مختلف اخبارات میں من پسند آرٹیکلز لکھوائے گئے۔ بھارت نے دنیا بھر میں 750 سے زائد جعلی میڈیا تنظیمیں تشکیل دیں۔ جعلی ویب سائٹوں اور جعلی شخصیات کا استعمال کیا گیا۔ بھارت نے گلگت بلتستان اور بلوچستان کے نام سے خبریں چلائیں مرے ہوئے افراد کا نام بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا۔ یورپی پارلیمنٹ کے لیٹر ہیڈ کو استعمال کیا گیا۔ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے سہولت کاری کر رہا ہے، بھارت تاثر پھیلانا چاہتا ہے پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آئے۔ ترقی نہ ہو، پاکستان معاشی تحفظ کے فروغ کیلئے بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ ہم بھارتی سازشوں کو ہر حال میں ناکام بنائیں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ میں مصروف ہے۔ بین الاقوامی سطح پربھارت پروپیگنڈے کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو چھپا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائی بریڈ وار میں ملوث ہے، بھارت کشمیر کی حق خودارادیت کی تحریک کودہشت گردی کا رنگ دے رہا ہے، بھارت جعلی تھنک ٹینک اوراین جی اوکے ذریعے پروپیگنڈا مہم چلاتا رہا۔ یورپی پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیرکا دورہ ہوا، کس نے کرایا؟ کس نے فنڈ کیا؟ دورے کا مقصد بھارت کے 5اگست کے اقدام کو درست قرار دینا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم دنیا سے بھارتی سازشوں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ کچھ پاکستانی بھی ان کے ایوینٹس میں شرکت کرتے رہے۔ پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لئے جی بی، بلوچستان کا ایشو ان جعلی نیٹ ورک سے اٹھایا جاتا ہے۔ دنیا میں ہر جگہ اپنا مدعا بیان کرتے رہیں گے۔ ہم دنیا سے امن اور معیشت کی بہتری کے لئے تعلقات بڑھا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 116 ممالک میں 750 جعلی میڈیا ویب سائٹس چلائے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے چلائے جانے والے اس جعلی نیٹ ورک میں اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کے ساتھ کام کرنے والی 10 این جی اوز اور 550 جعلی ویب سائٹس، کا جعلی شناخت کے ساتھ استعمال کیا گیا ہے۔ بھارت نے جعلی پارلیمانی گروپ تشکیل دیئے۔ "فرینڈز آف گلگت بلتستان " اور فرینڈز آف بلوچستان جیسے نیٹ ورک بنائے گئے۔ ہندوستان سے جعلی میگزین EPtoday.com کے شائع ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔ اس میگزین کے ساتھ فرضی این جی اوز، تھنک ٹینکس اور جعلی کمپنیوں کی شمولیت ظاہر کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سامنے آنے پر EPtoday.com کو منظر سے ہٹا دیا گیا۔ لیکن بھارت آج بھی EUchronicle.com کے نام سے اپنی مذموم سازش کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ پورٹ کے مطابق بھارت غلط معلومات ان جعلی ویپ سائنس کے ذریعے نشر کرتا جسے ہندوستان کی نیوز ایجنسی ANI بڑے پیمانے پر آگے پھیلاتی۔ ہندوستان نے پاکستان مخالفت بیانیے کی ترویج کیلئے کس طرح پرائیویٹ فنڈز کے ذریعے بعض یورپی ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزٹ کروائے۔