ہسپتال ، فلائی اوورز، انڈر باسز، واٹر ٹینک، لاہور کیلئے میگا منصوبوں کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور شہر کی ترقی کیلئے میگا منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے منصوبوں سے لاہور شہر کو اس کا حق دیںگے۔ فیروز پور روڈ پر 9ارب روپے سے ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال بنایا جائے گا جس میں 400بیڈز جنرل، 400کارڈیالوجی اور 200 بیڈز پر بلڈ ڈیزیز کا ہسپتال بنے گا۔ گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال پر کو تقریباً 4ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے۔ لاہور میں جناح ہسپتال کے بعد ایک بھی نیا جنرل ہسپتال نہیں بنایا گیا۔ موجودہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، یہی وجہ ہے ہم نے نئے ہسپتال بنانے پر کام شروع کیا ہے۔ میگا پراجیکٹس کے اعلان کے سلسلے میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ شاہکام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک پر فلائی اوور بنائے جائینگے۔ فیروزپور روڈ پر گلاب دیوی ہسپتال کے قریب تقریباً 1ارب روپے کی لاگت سے انڈرپاس بنایا جائے گا۔ شمالی لاہور کے لوگوں کو کبھی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ لاہور ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک ساڑھے 4 ارب روپے سے اوورہیڈ برج بنایا جائے گا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ ایل ڈی اے فلیٹ کم آمدن والے طبقات کو آسان شرائط پر دئیے جائیں گے اور ان فلیٹس کی قسط 15ہزار روپے ماہانہ ہوگی اور 20برس میں ادائیگیاں کرنا ہوںگی۔ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ شہر میں پانی کی سطح کو بلند کرے گا اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ والٹن میں 19ارب روپے کی لاگت سے نکاسی آب کا بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون بھی شامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا نہیں ہوگا۔ بوٹ پہن کر تصویریں نہیں بنانا پڑیں گی۔ لاہور کی سالوں پرانی بوسیدہ سیوریج لائن کو بتدریج بہتر کیا جائے گا۔ بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے لاہور میں 10 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کے منصوبے پر 2ارب 80کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ باغ جناح میںانڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بننے سے رواں مون سون سیزن میں چند منٹ میںبارش کے پانی کا نکاس یقینی بنایا گیا۔ ہم نے سابق حکومت کے منصوبوں کو نہیں روکا۔ سابق حکومت 1300ارب کے ادھورے منصوبے چھوڑ کر گئی۔ میری سیاسی و انتظامی ٹیم نے دن رات ایک کر کے لاہور کی ترقی کے لئے بڑا پیکیج دیا ہے۔ ہم نے 36اضلاع کی ڈویلپمنٹ پروفائل تیار کرلی ہے ۔ لاہور پاکستان کادل ہے اوریہ شہر ہمارے دل کے بھی بہت قریب ہے۔ ہم کسی کو خواب نہیں دکھا رہے بلکہ ان منصوبوں کیلئے عملی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کرچل رہی ہے۔ کرونا پر اپوزیشن رہنماؤں نے ثابت کیا ہے کہ ان کے سینے میں دل نہیں۔ اپوزیشن کا عوام کی زندگیوں پر سیاست کرنا المیہ ہے۔ جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلانے والے عناصر عوام سے مخلص نہیں۔ اپنی منفی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا کہاں کی سیاست ہے۔ پی ڈی ایم کی منزل صرف این آر او ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ اپوزیشن کی حسرتیں نہ پہلے پوری ہوئیں، نہ آئندہ ہوں گی۔