کھرڑیانوالہ: گھریلو تنازعہ پر 2بھائیوں کے ہاتھوں 2 بھتیجے قتل‘ 2 ملزم گرفتار
کھرڑیانوالہ‘ جڑانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) کھرڑیانوالہ غوثیہ کالونی میں گھریلو جھگڑا پر حقیقی چچوں نے اپنے ہی بھتیجوں کو بُگدا کے وار کر کے موقع پر ہلاک کر دیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملک محمد حنیف جو کہ فروٹ کا کاروبار کرتا ہے اس کے بیٹے 26سالہ شہریار اور 18سالہ شہباز اپنے کمرے میں سوئے ہوئے تھے کہ ملزمان ان کے چچوں کمال دین، محمد عمران، عبد الرشید، محمد لطیف پسران بلال دین، محمد شاہد، محمد نعمان پسران رفیق کمرے میں داخل ہو گئے اور سوتے ہوئے ان کو بُگدا و ٹوکہ کے وار کر کے ان کو شدید زخمی کر دیا۔ دونوں بھائی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی۔ دو ملزمان محمد عمران ، محمد لطیف کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ جبکہ دیگر ملزمان وقوعہ کے بعد موقع سے فرار ہوئے گئے۔ مقتولین کے والد محمد حنیف نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ دو دن پہلے اس کے بھائیوں کا معمولی جھگڑ ا ہوا تھا۔ یہ واقعہ بھی اسی رنجش کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا اور مقتولین کے والد کی مدعیت میں 6 نامزد ملزمان کے خلاف قتل کی دفعات لگا کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔