• news

  ایک ماہ سے معطل ایوان بالا کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس دوبارہ شروع کرنے کا جائزہ 

اسلام آباد(محمدرضوان ملک) کورونا وائرس کے باعث قریبا ایک ماہ سے معطل ایوان بالا کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس  دوبارہ شروع کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق  اگلے ہفتے سے ایس او پیز کے ساتھ  سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے پارلیمانی سرگرمیوں کے لیے ایس اوپیز ترتیب دے دئیے  ہیں، جن پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔  ایس اوز کے مطابق وزارتوں کے نمائندگان کے علاوہ محدود تعداد میں صحافی شریک ہوں گے۔  قائمہ کمیٹی میں متعلقہ وزارت کے طلب کردہ افسران ہی حاضر ہوں گے۔ سینیٹرز اور سرکاری افسران کے غیرضروری اسٹاف کو اجازت نہیں ہوگی، قائمہ کمیٹی میں اراکین کاماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا۔ قائمہ کمیٹی صرف کووڈ اور ضروری امور سے متعلق اجلاس بلاسکتی ہے، ہر کمیٹی اجلاس کے بعد کمیٹی روم میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے ہوگا۔  یا د رہے کہ  کورونا وائرس کے باعث سولہ نومبر کے بعد سے  ایوان بالا کی کسی قائمہ کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوسکا ہے۔ کورونا کے باعث چوبیس نومبر تک کمیٹیوں کے شیڈول اجلاس بھی موخر کر دئیے گئے تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن