• news

نوشہرہ ورکاں: رشتہ نہ دینے پر بیٹیوں کی بارات کے روز باپ قتل

نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) بیٹی کا رشتہ نہ دینے پر شادی والے دن باپ کو قتل کردیا گیا ،2 بہنوں کی بارات آنی تھی۔ نواحی گاؤں لالہ پور کے رہائشی رانا محمد اختر کی دو بیٹیوں کی 11 دسمبر کو شادی تھی دونوں بیٹیوں کی رسم مہندی کی تقریب سے فارغ ہوکر رات 2 بجے محمد اختر اپنی حویلی میں سونے کے لیے چلا گیا جہاں پر ملزم فریاد ڈوگر ساکن گناعور نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے محمد اختر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ محمد اختر کے قتل پر خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا اور دلہن بننے والی بیٹیاں شادی والے روز والد کی میت پر بین ڈالتی رہیں مقتول کے بیٹے عامر کے مطابق ملزم فریاد مقتول سے بیٹی کا زبردستی رشتہ مانگتاتھا اور انکار پر ملزم نے مقتول کو دھمکی دی کہ وہ اسے اپنی بیٹی کا شادی والا دن نہیں دیکھے گا۔ قتل کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی ہاشم محمود گجر  اور ایس ایچ او انصر جاوید موہل پولیس کی بھاری نفر ی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن