• news

پٹواری آپ کے ہی تیار کئے، نئے پاکستان میں بھی پرانا کام کر رہے ہیں

لاہور (اپنے نامہ نگارسے+وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوط کر لیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل کے دلائل پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پٹواری بھی تو آپ کے ہی تیار کیے گئے ہیں، پٹواری نئے پاکستان میں بھی پرانا کام ہی کر رہے ہیں۔ جسٹس مشتاق کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہہ بلند ہوا۔ جسٹس چوہدری مشتاق نے درخواست پر سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست پر جواب جمع کرا دیا۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ بلاجواز کسی لیگی کارکن کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی زندگی کو تحفظ فراہم کرے، جہاں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی وہاں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے کہا کہ  ایڈوکیٹ جنرل پنجاب درج کیے گئے مقدمات کی تفصیل کے بغیر ہی آ گئے ہیں، رہنمائوں کی گرفتاریاں پی ڈی ایم جلسے کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ غیر قانونی طور پر لیگی رہنمائوں اور کارکنوں پر اکیس مقدمات درج ہو چکے ہیں اور یہ مقدمات پٹواریوں کی مدعیت میں درج ہو رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن