راولپنڈی‘ دستی بم دھماکہ‘ 25 زخمی‘ دہشت گردی ہے: پولیس ‘ طاہر اشرفی کی مذمت
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) راولپنڈی میں دھماکے سے 25 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکہ تھانہ گنج منڈی کے سامنے ہوا۔ پولیس کے مطابق یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ دھماکہ کریکر یا دستی بم کا ہے۔ پولیس نے جائے دھماکہ جانے والے راستے سیل کردئیے۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ کریکر، دستی بم کا لگتا ہے۔ تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے تحقیق کے بعد دی جائے گی۔ جبکہ ریسکیو1122 نے بتایا دو موٹر سائیکل سوار آئے اور تھانے کے قریب واقع فلٹریشن پلانٹ کے علاقے میں ہینڈ گرینیڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔ دھماکہ گنجمنڈی روڈ پراس جگہ ہوا جہاں ریڑھیوں کا رش تھا اور شہریوں کا خریداری کیلئے رش تھا۔ دھماکے سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے راولپنڈی میں دستی بم دھماکے کو افسوسناک قرار دیا ہے اتوار کو اپنے ایک بیان میں طاہر محمود اشرفی نے راولپنڈی بم دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کی فوج قوم اور سلامتی کے ادارے دہشت گردوں کو ناکام بنائیں گے ۔