پہلی پروفیشنل فائٹ کیلئے تیار‘باکسر محمد وسیم آج لاہور پہنچیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی باکسر محمد وسیم پاکستان میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ لڑنے کیلئے آج 14 دسمبر کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔ محمد وسیم کی فائٹ 19 دسمبر کو لاہور میں شیڈول ہے جس کا اہتمام پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور ایک نجی کمپنی کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔محمد وسیم کا ٹکراؤ فلپائنی باکسر جینی بوائے بوکا سے ہو گا جو 20 میں سے 14 باوٹس جیت چکے ہیں۔ یہ باوٹ جیت کرمحمد وسیم ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے اہل ہوں گے۔ہم نیوز کے مطابق محمد وسیم کیلئے تعارفی پرومو بھی جاری کیا گیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے باکسر محمد وسیم کیلئے ٹوئٹر پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔