قومی دولت کا تحفظ ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے:خرم نوازگنڈاپور
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہاہے کہ پارلیمنٹ میں مسائل زیر بحث نہیں آنے تو ان ایوانوں پر قوم کے اربوں روپے خرچ کیوں ہو رہے ہیں؟ اسمبلیوں کو ختم کرنے کی مہم چلانے والے انہی اسمبلیوں کا حصہ رہ کر تنخواہیں اور مراعات بھی لے رہے ہیں، اپوزیشن کے ممبرز استعفے جب مرضی دیں مگر قوم کے خون پسینے کے ٹیکسوں کی کمائی سے چلنے والی اسمبلیوں سے تنخواہیں اورمراعات لینا بند کر دیں،قومی دولت کا تحفظ ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے،سپیکر ’’بلوائی‘‘ اراکین اسمبلی کی تنخواہیں اور مراعات روکنے کی رولنگ دیں، اسمبلیوں کے خلاف احتجاج بھی تنخواہیں اور مراعات بھی یہ منافقت اور دھوکہ دہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 11 جماعتیں ملک بھر سے لوگ مینار پاکستان لا رہی ہیں۔، کرپٹ اشرافیہ کے موقف میں دم خم ہوتا تو ڈیڑھ کروڑ آبادی والے لاہور سے 50 سے 60 ہزار بندے نکالنا کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ دسمبر 2012 میں ڈاکٹر طاہر القادری نے شفاف انتخابات اور انتخابی اصلاحات کے لئے جو جلسہ کیا تھا اس جیسا عوامی جلسہ تاریخ میں ہوا اور نہ ہوگا،دوبارہ بھی ویسا جلسہ اگر کریں گے تو وہ صرف عوامی تحریک کے کارکنان ہی کریں گے۔