مریم نواز نے نواز شریف کی تصویر والا لباس پہنا،میٹرو بس سروس معطل، کیمروں سے مانیٹرنگ
لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی قائد اور اپنے والد محمد نواز شریف کی تصویر والا لباس پہنا ۔ مریم نواز نے تیرہ دسمبر کے جلسے کی مناسبت سے خصوصی طور پر والد کی تصویر والا لباس تیار کروایا۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے کی وجہ سے میٹرو بس سروس کو ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک معطل رکھا گیا ۔ اتھارٹی نے دوپہر دو بجے کے بعد ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بس سروس کو بند رکھا تاہم گجومتہ سے ایم اے او کالج تک بسیں چلتی رہیں۔ لاہور ضلعی انتظامیہ نے داخلی و خارجی پوائنٹس کا تعین کیا جس کے بعد جلسے کی مکمل مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم کو بھی فعال کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے اور ڈرون کیمرے استعمال کرتے رہے۔ جلسہ گاہ میں قائدین کیلئے80 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا۔ ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ رینجرزکی 2کمپنیوں کو بھی بلا لیا گیا۔ جلسہ کی سکیورٹی کے 4 ہزار سرکاری اہلکار اور بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے۔