• news

پی ڈی ایم کی قیادت نامراد ہوگئی، مقبولیت کا بھانڈا مینار پاکستان پر پھوٹ گیا: فیاض چوہان

لاہور(این این آئی) وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لاہور نے سیاسی کرپشن اور بددیانتی کی بارش میں بھیگی پی ڈی ایم قیادت کو ناکام و نامراد کر دیا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے لاہور جلسے کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جرات مند اور غیرت مند لاہوریوں نے ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو آئینہ دکھا دیا۔ مودی اور اجیت دیول کا بیانیہ لیکر آنے والی پی ڈی ایم کو شرم سے چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہئے اور مولانا فضل الرحمن کو خجالت مٹانے کے لیے جا کر دریائے راوی میں ڈبکیاں لگانی چاہئیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ عوام کو منظم کرنے کے دعویدار خود آپس میں تصادم کا شکار نظر آئے۔ بلاول زرداری کے استقبال کے لیے پچاس سے زیادہ کارکنان نہ پہنچے۔ مولانا فضل الرحمن کے متوالے ن لیگی قائدین کو جلسہ گاہ داخلے پر ذلیل کرتے رہے جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے جیالے بیگم صفدر اعوان کی تصاویر کے ساتھ بلاول زرداری کی تصاویر نہ ہونے پر مغلظات بکتے رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ تین سو روپے دیہاڑی پر لوگوں کو بلا کر پیپلز پارٹی نے آج بھی غریب عوام کا مذاق اڑایا۔ پی ڈی ایم صرف تصادم کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن