• news

ٹرمپ کے حامیوں کا سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج‘ مخالفین سے تصادم‘ چاقو چل گئے‘ متعدد زخمی

واشنگٹن (آئی این پی+ بی بی سی) الیکشن میں ٹرمپ کی شکست پر انکے حامی بپھر گئے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا اور چوری بند کرو کے تحت ہونیوالی ریلیوں میں احتجاجی نعرے لگائے۔ چرچز میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پورے دن کے احتجاج کے بعد چاقو سے کئی حملوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے جوبائیڈن کی کامیابی کی توثیق کرنے پر فوکس نیوز کو بھی برا بھلا کہا اور نو منتخب صدر کے الیکشن چرانے سے متعلق الزامات والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ تاہم سورج غروب ہونے کے بعد صورتحال کشیدگی کا شکار ہو گئی اور واشنگٹن کے ڈاؤن ٹاؤن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی اور مخالف گروہ میں تصادم ہو گیا۔ پولیس نے دو گروہوں کو علیحدہ کرنے کی کوشش کی تاہم کچھ مظاہرین نے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر اپنے حریفوں پر چاقو سے حملہ کیا۔ میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چاقو کے حملوں میں متاثر ہونے والے متعدد افراد کو طبی امداد پہنچائیں۔ جبکہ 6 افراد کو حراست میں بھی لے لیا اور اس تصادم کے نتیجے میں ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن