عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس‘ تحفظ ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض: پیر منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ختم نبوت گلوبل الائنس‘ ورلڈ مسلم فیڈریشن اور ختم نبوت فائونڈیشن کے چیئرمین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس ہے، اسکے بغیر اسلام نامکمل ہے، اس عقیدے کا تحفظ ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے، تاریخ اسلام کے سنہری ابواب اس کے گواہ ہیں کہ جب کبھی بھی قصر نبوت پر ڈاکہ ڈالنے کی ناپاک سازش کی گئی تو پاکبازان امت کے قدسی سیرت صحابہ کرام، اولیاء و صوفیائے عظام اور علمائے حق اس فتنے کی سرکوبی اور ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے میدان عمل میں آئے اور اپنے آقا و مولیٰ حضور نبی آخرالزماں رحمت للعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے فتنہ قادیانیت کا قلع قمع کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے جامع مسجد امیر ملت شیکسپیئر سٹریٹ برمنگھم میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ختم نبوت سے عشق و محبت کے تقاضے ہمیشہ نہایت خلوص اور عقیدت و محبت سے نبھائے ہیں، اس حوالے سے کبھی بھی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ہمارے سیکولر، لبرل اور روشن خیال طبقے نے ہمیشہ مخالفت کی کیونکہ وہ اس کو رجعت پسندی اور مذہبی انتہاپسندی سمجھتے ہیں جبکہ ختم نبوت اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے ایمان اور ہمارے عقیدے کا جزولاینفک ہے۔ اسوہ حسنہ انسان دوستی، راست گوئی، انصاف پسندی اور عدل کا بہترین کامل نمونہ ہے جسے ایک سچا مسلمان اپنی منزل سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت اور تعلیمات نبوی سے دوری کی وجہ سے پوری امت آج بے شمار مختلف قسم کے مسائل اور چیلنجز سے دوچار ہے۔ اغیار کی عالمی سازشوں کو پاکستان کے غیور مشائخ و صوفیاء اور علماء و عام مسلمانوں نے ہمیشہ ناکام کر کے عقیدہ ختم نبوت کا تاریخی تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔